ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی بحالی کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا،معظم بٹ

جمعرات 4 اپریل 2024 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان اور انصاف لائرز فورم کے سیکرٹری جنرل معظم بٹ نے کہاہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی بحالی کے لئے انصاف لائر فورم کی تحریک اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی اور اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ عید کے بعد تحریک میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام کنونشن عید کے فوری بعد پشاور میں ہوگا جس سے ملک کے نامور وکلاء، تحریک انصاف کی لیڈر شپ اور دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں لاہور میں کنونشن منعقد ہو جکاہے۔ انہوں نے عدالتی معاملات میں ایگزیکٹو کی مداخلت سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم کہا کہ تاخیر سے معاملہ گھمبیرہو نے کے خدشہ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

چنانچہ سپریم کورٹ ذمہ داروں کا جلد از جلد تعین کر کے انصاف کے تقاضے پورے کرے۔ معظم بٹ نے سپریم کورٹ، لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط پر تشویش کااظہارکیا۔ اور کہا کہ ان خطوط سے واضح ہوتا ہے کہ ججز پر دبائو کا سلسلہ برقرار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان دھمکی آمیز خطوط کے پس پردہ محرکات اور عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔