کامسٹیک کے زیر اہتمام 22 اپریل سے ''ڈیزاسٹر ریزیلینٹ سٹرکچرز'' پر دو ہفتے کا تربیتی کورس منعقد ہوگا

جمعہ 5 اپریل 2024 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون کامسٹیک کے زیر اہتمام 22 اپریل سے 3 مئی تک ''ڈیزاسٹر ریزیلینٹ سٹرکچرز''کے موضوع پر دو ہفتے کا تربیتی کورس منعقد ہوگا۔ کامسٹیک تربیتی کورس کی میزبانی روسی ایسوسی ایشن آف ارتھ کوئیک انجینئرنگ اینڈ پروٹیکشن فرام نیچرل اینڈ مین میڈ ہیزڈز اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے اشتراک سے کرے گا۔

(جاری ہے)

کامسٹیک کے مطابق اس مشترکہ اقدام کا مقصد آفات سے نمٹنے اور پائیدار انجینئرنگ کے طریقوں میں صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ تربیتی کورس میں انفراسٹرکچر، کمیونٹیز اور معاشروں کو لاحق خطرات سے آگاہی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ زلزلوں، سیلاب، آگ اور سونامی سمیت دیگر متعدد خطرات سے بہتر طریقے سے نمٹاجاسکے۔ روس اور پاکستان کے ان شعبوں کے سرکردہ ماہرین اپنے علم اور تجربات سے شرکاء کو آگاہ کریں گے، یہ کورس پائیدار ترقی کے اصولوں کو فروغ دے گا۔ کورس میں پاکستان، روس اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کا تدریسی عملہ شرکت کرے گا۔