HBK رمضان سپورٹس گالا میں متعدد میچز کا فیصلہ

ٹیبل ٹینس کے ایونٹ میں محمود جان بابر اور نادر خواجہ جبکہ سنوکر میں کامران علی اور فیضان قزلباش نے فائنل تک رسائی حاصل کرلی

Amjad Ali khan امجد علی خان جمعہ 5 اپریل 2024 16:08

پشاور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اپریل2024 ء) HBK اور پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ رمضان سپورٹس گالا میں کا ٹے دار مقابلے جاری ٹیبل ٹینس کے ایونٹ میں محمود جان بابر اور نادر خواجہ جبکہ سنوکر میں کامران علی اور فیضان قزلباش تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے اسی طری بیڈمینٹن کے مقابلوں میں عرفان موسی زئی اور علی شیخ کی ٹیم،عصمت شاہ و عابد خان کی جوڑی ،ظفر اقبال اور شہزادہ فہد نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی گزشتہ شب کھیلے گئے مقابلوں کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور تھےاس موقع پرصدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک،سابق صدر  ایم ریاض ،جنرل سیکرٹری عرفان موسی زئی،سنئیر صحافی فرید اللہ سمیت صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس اختر حیات خان  نے کہا کہ کھیل کود اور مثبت سرگرمیاں ہمیں صبر و برداشت کے ساتھ ساتھ ہار اور جیت کے لئے فائٹ کرنا سکھاتی ہے خوش قسمتی سےکھیل وسیاحت  کے لئے خیبر پختونخوا دنیا بھر میں مشہور ہے،انہوں نے پشاور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے کھیلوں کا میلہ سجانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی قیادت اور منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے ممبران کے لئے بہترین تفریحی گالا کا انعقاد کیا ہےانہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں جو دوسروں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے ہیں لیکن اپنی انتہائی شدید پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کی کاوشوں کے ساتھ ساتھ ان کے لئے رمضان سپورٹس گالا جیسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد ایک لائق تحسین امر ہےیہاں پریس کلب آکر انہیں یہ خوشی ہوئی کہ خبروں کے پیچھے بھاگنے والے ہمارے صحافی بھائی اچھے کھلاڑی بھی ہیں، قبل ازیں پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک اور جنرل سیکرٹری عرفان موسی زئی نے مہمان خصوصی اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پریس کلب کے اس میگا سپورٹس ایونٹ میں تقریبا 150 سے زائد کارکن صحافی مختلف انڈور گیمز میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ گزشتہ چند سالوں سے  یہ ٹورنامنٹ ایک فیسٹیول کی شکل اختیار کرگیا ہے جو شدید ذہنی تناو اور دباو کی صورتحال میں کام کرنے والے کارکن صحافیوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرتا ہے،تقریب کے آخر میں پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے انسپکٹر جنرل اف پولیس کا شکریہ ادا کیا اور انہیں رمضان سپورٹس گالا کی کیٹ اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔

گزشتہ شب کھیلے گئے میچز کے نتائج کے مطابق سنوکر کے مقابلوں میں فیضان قزلباش نے پہلے سیمی فائنل میں خرم پرویز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کامران علی نے کاشان اعوان کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی،ٹیبل ٹینس ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل محمود جان اور ذیشان لیاقت کے مابین کھیلا گیا جس میں محمود جان نے کامیابی حاصل کرلی اسی طرح دوسرے سیمی فائنل میں نادر خواجہ نے افتاب احمد کو ہرا کر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے،بیڈمنٹن کے مقابلوں میں ظفر اقبال اور شہزادہ فہد کی ٹیم نے فیضان حسین اور طارق محمود کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی،کیرم بورڈ کے مقابلوں میں شہزادہ فہد،طاہر وسیم،شہزاد اورعارف اکرام نے اپنی اپنی میچز جیت لئے،لڈو کے ایونٹ میں طارق عزیز ،ارشاد میدانی،بلاول ارباب،عارف اکرام،نادر خواجہ،عرفان خان،شاہ فیصل اور احتشام بشیر  کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔