Live Updates

ڈیف کرکٹ ٹیم کا وزیراعلیٰ آفس آمدپر پرتپاک استقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات

جمعہ 5 اپریل 2024 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) پاکستان کی 19سال سے ناقابل شکست رہنے والی ڈیف کرکٹ ٹیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے وزیراعلیٰ آفس مدعو کر لیا،ڈیف کرکٹ ٹیم کی آمدپر پرتپاک استقبال اور شاندار پذیرائی کی گئی۔وزیراعلیٰ اپنی نشست چھوڑ کر کھلاڑیوں کے درمیان بیٹھ گئیں ،ڈیف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور اشاروں کی زبان میں گفتگو کی۔

ڈیف کرکٹرز نے اشاروں کی زبان میں قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے نام بیان کئے۔وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کو 38لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور ہر ڈیف کرکٹرکے لئے انعام کی رقم 2لاکھ سے بڑھا کر 5لاکھ روپے کر دی۔ مریم نواز نے ڈیف کرکٹرز کی فرمائش پر فوری طور پر کرکٹ گرائونڈ مختص کرنے کا حکم دیا اور ڈیف کھلاڑیوں کو پنجاب کے سرکاری محکموں میں جاب کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو شیر کا سنہری مجسمے کا ماڈل پیش کیا۔وزیراعلیٰ اورشرکاء نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تالیاں بجائیں۔ڈیف کرکٹ ٹیم نے وزیراعلیٰ کو دبئی ورلڈ کپ ٹرافی پیش کی۔ مریم نواز شریف نے کھلاڑیوں کی خواہش پر گروپ فوٹو اور الگ الگ تصاویر بھی بنوائیں۔وزیراعلیٰ نے ڈیف کرکٹرز کی خواہش پر قائد محمد نواز شریف سے ملانے کا وعدہ کیا۔

ڈیف کرکٹ ٹیم نے قائد محمد نواز شریف کی صحت اور سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سائن لینگوئج مترجم کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے زیادہ مجھے 19سال سے ناقابل شکست ڈیف کرکٹ ٹیم سے خود ملنے کااشتیاق تھا۔ڈیف کرکٹرز نے قدرتی جسمانی کمی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے آڑے نہیں آنے دیا۔ ڈیف کرکٹرز نے بڑا کام کیا جس کی کوئی قیمت یا معاوضہ نہیں ہو سکتا،اسی طرح آگے بڑھتے رہیں۔

مجھے خوشی ہے کہ ڈیف کرکٹرز حکومت کے اچھے کاموں کو نہ صرف دیکھتے ہیں بلکہ سراہتے بھی ہیں۔یہ سب میرے شیر ہیں،میرے بچے ہیں اور میں ان کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتی ہوں۔دعا کریں کہ ہم 5سال میں عوام کی فلاح وبہبود کے سارے کام کر جائیں۔ڈیف کرکٹرز نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے مدعو کرنے پر بہت خوش ہیں۔

وزیراعلیٰ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، ان کے اقتدار میں آنے کی دعا کرتے رہے۔ڈیف کرکٹرز نے اشاروں کی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہمارے دل جیت لئے،ہمیشہ دعائیں کریں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،سیکرٹری سپورٹس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات