کانگریس کا بھارت میں بینظیر انکم سپورٹ طرز کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 5 اپریل 2024 20:25

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) بھارت کی سیکولر اور بڑی جماعت کانگریس نے عام انتخابات کے پیش نظر اپنے پانچ نکاتی منشور کا اعلان کرتے ہوئے حکومت میں آنے کے بعد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے طرز کا پروگرام شروع کرنے سمیت ذات، پات کی مردم شماری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس نے 5 اپریل کو نیائے پتر یعنی انصاف نامہ کے نام سے 5 نکاتی منشور کا اعلان کردیا۔

پارٹی نے اپنے منشور میں پانچ نیائے شامل کئے ہیں، جو حصہ داری نیائے، یووا نیائے، ناری نیائے، کسان نیائے اور شرمک یعنی مزدور نیائے ہیں۔پارٹی کے مینی فیسٹو کے مطابق کانگریس حکومت میں آنے کے بعد خواتین کی معاشی بہتری کے لیے انکم سپورٹ پروگرام شروع کرے گی اور ہر خاندان کی ایک خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منشور کے مطابق کانگریس حکومت میں آنے کے بعد ذات، پات، عقائد، زبان اور ثقافت کی بنیاد پر مردم شماری کروائے گی اور مردم شماری کے نتائج کے مطابق ہی ہر کمیونٹی کو حقوق دیے جائیں گے۔

کانگریس کے منشور کے مطابق 5 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے نوجوان افراد کے لیے چھوٹے کاروبار شروع کرنے کا فنڈ بھی مختص کیا جائے گا۔کانگریس نے حکومت میں آنے کے بعد بھارت بھر کے طلبہ کے لیے مولانا عبدالکلام آزاد اسکالر شپ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت طلبہ کو بیرون ملک تعلیم کے لیے بھیجا جائے گا۔سیاسی جماعت نے سرکاری اداروں میں کانٹریکٹ سسٹم کو ختم کرکے تمام ملازمتوں کو مستقل کرنے سمیت اعلیٰ سرکاری عہدوں میں نشستوں کی تعداد 50 فیصد تک بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔

کانگریس کے منشور کے مطابق معاشی طور پر کمزور طبقوں کے لیے الگ سے سرکاری ملازمتوں میں 10 فیصد کوٹا مختص کیا جائے گا جب کہ صحت کے لیے ہر خاندان کو سالانہ 25 لاکھ روپے کی انشورنس دینے کا بڑا وعدہ بھی کیا گیا۔