مسلمانوں کو دیکھ کر بی جے پی کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں، ممتا بنر جی

جمعہ 5 اپریل 2024 21:10

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلمانوں کو دیکھ کر بی جے پی کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے جلپائی گوڑی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رام نومی کے موقع پر فسادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف فسادات بی جے پی نے خود کروائے اور اسکی تحقیقات بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے سے کرائی۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تحقیقاتی اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کر رہی ہے لیکن اسکا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ممتا بنر جی نے ایک بار پھر متنازعہ قانون شہریت اورنیشنل رجسٹر فار سٹیزنز کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے ان امتیازی قوانین کی وجہ سے آسام میں 19 لاکھ لوگوں کی شہریت ختم کی گئی ہے اور اب ایک بار پھر لوک سبھا انتخابات سے پہلے لوگوں کو شہریت سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔