ْپی ٹی آئی کا ہمدرد گروپ ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے میں ملوث ہوسکتا ہے، رانا ثناء اللہ

عدلیہ کو بیٹھ کر اپنی خود احتسابی کرنی چاہئے، اگر عدلیہ کو اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہے تو بے شک ان کو بھی بلا لیں،سابق وفاقی وزیرکاانٹرویو

جمعہ 5 اپریل 2024 22:35

ْپی ٹی آئی کا ہمدرد گروپ ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے میں ملوث ہوسکتا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئررہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ہمدرد گروپ ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے میں ملوث ہوسکتا ہے،ججز کو دھمکی والے خطوط لکھنے کے معاملے کی بینیفشری پی ٹی آئی ہے،عدلیہ کو بیٹھ کر اپنی خود احتسابی کرنی چاہئے، اگر عدلیہ کو اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہے تو بے شک ان کو بھی بلا لیں۔

ایک انٹرویومیںسینئر لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے زیر اثر یا ہمدرد ایسا گروپ ہو سکتا ہے جو ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے کے معاملے میں شامل ہو۔اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پرراناثناء اللہ نے کہاکہ ججز کو دھمکی والے خطوط لکھنے کے معاملے کی بینیفشری تو پی ٹی آئی ہے اور معاملات کو بگاڑنا پی ٹی آئی کے حق میں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمارے خلاف تو کوئی کیس عدالتوں میں نہیں، ہمیں تو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف بھی ملا،ہم نے کیوں ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے ہیں ۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ ججز کے خطوط والا معاملہ بنیادی طورپرعدلیہ کی آزادی کا مسئلہ ہے، عدلیہ کو بیٹھ کر اپنی خود احتسابی کرنی چاہئے، اگر عدلیہ کو اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہے تو بے شک ان کو بھی بلا لیں۔

انہوں نے کہاکہ معزز جج صاحبان کو چاہئے تھا کہ جب ایسا ہوا تو اسی وقت ایگزیکٹو کو کہتے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ حکومت یا اسٹیبلشمنٹ اس وقت تک مخل نہیں ہوسکتی جب تک اندر سے لوگ ملے ہوئے نہ ہوں۔رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو نقصان ہو گا ،حکومت کو سیاسی استحکام کی کوشش کرنی چاہئے اور وہ کرے گی۔