ٹوبہ ٹیک سنگھ،ماریہ قتل کیس کے مرکزی ملزمان باپ اور بیٹے کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا

پولیس تفتیش میں ملزم محمد فیصل اور والد عبدالستار ماریہ کے قتل کے ذمہ دار قرار دئیے گئے، ڈی این اے ٹیسٹ کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد مکمل چالان مرتب کیا جائے گا،پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 6 اپریل 2024 12:41

ٹوبہ ٹیک سنگھ،ماریہ قتل کیس کے مرکزی ملزمان باپ اور بیٹے کو جوڈیشل ..
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اپریل2024 ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزمان باپ اور بیٹے کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا، پولیس تفتیش میں ملزم محمد فیصل اور والد عبدالستار ماریہ کے قتل کے ذمہ دار قرار دئیے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد مکمل چالان مرتب کیا جائے گا۔

مقتولہ کا بھائی اور بھابھی جوڈیشل ریمانڈ پر پہلے ہی جمعرات کو جیل منتقل کردیے گئے تھے۔ ملزم شہبا ز اورسمیرا کا ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیاتھا۔پولیس نے شہباز اور سمیرا کے فنگر پرنٹس کا ریکار ڈ نادرا سے لے لیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے باپ اور بھائی کے ہاتھوں لڑکی کے قتل کیس میں مرکزی ملزم فیصل اور اس کے باپ کو مزید 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عدالت نے ماریہ قتل کیس کی سماعت کی، گرفتار مرکزی ملزم فیصل اور اس کے باپ کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔پولیس نے عدالت سے ملزمان کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے ملزمان کو مزید 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاتھا۔ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ شہباز اور سمیرا کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے، ویڈیو بنانے والے بھائی شہباز اور اسکی بیوی سمیرا کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔

والد اور بھائی کی جانب سے گلا گھونٹ کر قتل ہونے والی لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرکے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیج دئیے گئے تھے۔قبل ازیں پراسیکیوٹرجنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کیس کو ہائی پروفائل قرار دے دیا تھا۔پراسیکیوٹرجنرل پنجاب نے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ کے ویڑن کے تحت خاتون کے بہیمانہ قتل کو ہائی پروفائل ڈکلیئر کیا گیا۔واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مبینہ طور پر بھائی نے اپنے والد کی مدد سے بہن کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔