پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام ’’میری صحت میرا حق ‘‘کے موضوع پر ویبینارکاانعقاد

ہفتہ 6 اپریل 2024 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام میری صحت میرا حق کے موضوع پر ویبینار منعقدکیا گیا ۔اس موقع پر صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے سول سوسائٹی کے تبصروں پر مشتمل مختصر آڈیواور ویڈیو زڈپیش کی گئیں۔مقررین میں پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر علی رزاق،ڈاکٹر شہزاد علی خان،پاتھ فائنڈرز انٹرنیشنل کے سینئر پروگرام آفیسر منصور ریاض،پلاننگ کمیشن کے سماجی ماہر ڈاکٹر جاسم شامل تھے۔

ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ اس سال کا موضوع ہمیں ہر فرد کیلئے صحت اور تندرستی کے داخلی حقوق کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں چیلنجز واضح ہیں جو صحت پر بات چیت کو وسیع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جس میں جسمانی، ذہنی، معاشرتی تندرستی، روزگار کمانے کا حق اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا حصول اور پینے کا صاف پانی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کی فراہمی اور صحت کی سہولیات کویکساں طور پر قابل رسائی بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کے مابین مکالمہ کی ضرورت ہے۔ ایس ڈی پی آئی کی ہیلتھ پالیسی ایڈوائزر ڈاکٹر رضیہ صفدر نے ہیلتھ کیئر کے منظرنامے اور اس سے وابستہ رکاوٹوں پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی معاہدوں پر بھی روشنی ڈالی جن میں صحت تک رسائی کے حوالے سے صحت اور انسانی حقوق پر مبنی نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر علی رزاق نے کہا کہ پنجاب حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کے اپنے وعدے کو پورا کر رہی ہے، ہیلتھ انشورنس پروگرام اور ہیلتھ کارڈ سکیم نے پنجاب میں ہیلتھ کوریج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے آبادی میں فیصد کے لحاظ سے 15 فیصد صحت کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے 51 فیصد مرد، 49 فیصد خواتین اور 43 فیصد بچے مستفید ہوئے ہیں۔

پاتھ فائنڈرز انٹرنیشنل کے سینئر پروگرام آفیسر منصور ریاض نے خواتین کی صحت کے حوالے سے اپنے ادارے کے چالیس سالہ طویل تجربے اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں پانی کے تحفظ، کچن گارڈننگ، ری سائیکلنگ اور پوسٹ پارٹم پلاننگ پر اس کے موجودہ اقدامات کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کی۔پلاننگ کمیشن کے سماجی ماہر ڈاکٹر جاسم نے کہا کہ دیہی معیشتوں کو صحت کے تصور میں شامل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند اور مناسب طریقے سے صحت مند طرز زندگی کے بارے میں آگاہی اور تعلیم کے فروغ کے لئے نوجوانوں کا روزگار اور تعلیم انتہائی اہم ہے۔