فیصل آباد،جاںبحق ہونے والے شخص کا سو فیصد اصل ملزم پکڑ لیا گیا ہے،علی ضیاء

ہفتہ 6 اپریل 2024 20:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) سٹی پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء نے کہاہے کہ پتنگ بازی کے حوالے سے انہوں نے بتایا ڈور سے جاںبحق ہونے والے شخص کا سو فیصد اصل ملزم پکڑ لیا گیا ہے جس پر 302، ATAاور 311کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ تاہم انہوں نے پتنگ بازی کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پتنگیں اور ڈور بنانے والے 15بڑے مینو فیکچررز ، 850فروخت کنندگان اور سوشل میڈیا کے ذریعے پتنگیں فروخت کرنے والے تین افراد کو بھی پکڑا گیا ہے،عید پر سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے پاس آئوٹ ہونے والے 250ریکروٹس کے علاوہ لائن حاضر 100کانسٹیبلوں کو فوری طور پر بحال کر کے شہر کے اہم کاروباری مراکز میں تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ کیش کی محفوظ نقل وحمل کیلئے 20-25ملازمین پر مشتمل ٹیم فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے حوالے بھی کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات سٹی پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء نے آج چیمبر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل سٹریٹ کرائمز میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے جن کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر پولیس کا کام جرائم کا خاتمہ ہے مگر جلسے ، جلوسوں، جمعة الوداع، اعتکاف ، مذہبی معاملات اور پتنگ بازی کی روک تھام جیسی اضافی ذمہ داریوں سے اصل مقاصد نظر انداز ہو سکتے ہیں۔

تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ عید تک کے 5ایام میں آپ کو بازاروں میں پولیس کے گشت میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ سیف سٹی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بعض آلات کی درآمد میں تاخیر کی وجہ سے یہ منصوبہ پورا نہیں ہوا ۔ تاہم مئی کے آخر تک یہ مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل پولیس آفیسر اور اُن کی چیمبر میں گزشتہ میٹنگ کے دوران جو مسائل اٹھائے گئے تھے ان کے حل کیلئے اب تک ہونے والی کارروائی چیمبر سے شیئر کی جائے گی اور آپ کو اِن پر عملدر آمد ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔

ٹریفک کے بارے میں سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر سے کہا کہ وہ فوری طور پر امام بارگاہ سے جھنگ بازار کی طرف جانے والی سڑک اور غلہ منڈی سے ملحقہ مخدوم روڈ کو ون وے کرنے کا جائزہ لیں اور اگر یہ ممکن ہو تو اس پر فوری عملدرآمد کرا دیا جائے۔ اس سے قبل سی پی او کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ عید سے قبل سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سلسلہ میں مختلف کاروباری طبقوں اور ایسوسی ایشنوں کی طرف سے چیمبر پر دبائو تھا کہ پولیس سے فوری طور پر رابطہ کر کے صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے سی پی او سے کہا کہ وہ عید کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سیف سٹی کا ایک حصہ شروع ہو گیا تھا۔ اگر اس کے باوجود وارداتیں بڑھ رہی ہیں تو اِس کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی قائم کی گئی تھی جسے بعد میں ختم کر دیا گیا۔

یہ ادارہ اب بھی کراچی میں کامیابی سے چل رہا ہے۔ فیصل آباد میں سی پی ایل سی کی دوبارہ بحالی کا بھی جائزہ لیا جائے۔ تاکہ پولیس اور بزنس کمیونٹی ملکر جرائم پر قابو پا سکیں۔اس موقع پر ممبران ایگزیکٹو کمیٹی شفیق حسین شاہ، مقصود اختر بٹ، سابق صدر رانا سکندر اعظم خاں، ایوب اسلم منج، حاجی محمد عابد اور محمد علی نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔ آخر میں نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے سٹی پولیس آفیسر کو فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔