معروف گلوکار احمد رشدی کی 41ویں برسی11اپریل کو منائی جائے گی

ہفتہ 6 اپریل 2024 22:06

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) معروف گلوکار احمد رشدی کی 41ویں برسی11اپریل کو منائی جائے گی۔ احمد رشدی1938ء کو حیدر آباد دکن میں پیدا ہو ئے تقسیم ہند کے بعد احمد رشدی کراچی منتقل ہو گئے۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی سے کیا معروف گانے ’’ بند روڈ سے کیماڑی ،چلی میری گھوڑا گاڑی ‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ۔

ان کی بطور گلوکار پہلی فلم ’’ کارنامہ ‘‘ تھی جو کہ ریلیز نہ ہو سکی جبکہ اس کے بعد آنے والی فلم ’’ انوکھی ‘‘ تھی جس میں احمد رشدی پلے بیک سنگر تھے ان کی بطور فلمی گلوکار آخری فلم ’’ مشرق و مغرب ‘‘ تھی۔ احمد رشدی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے دیگر گلوکاروں کے ہمراہ مل کر 1955ء میںپہلی مرتبہ پاکستان کا قومی ترانہ گایا انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کے پہلے گلوکار تھے جنہوں نے موسیقی میں پاپ سنگنگ کو متعارف کروایا انہوں نے پاکستانی فلموں میں پانچ ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کروائے۔

(جاری ہے)

پاکستانی فلمی موسیقی کیلئے انتھک کام کرنے پر ان کی صحت گرنا شروع ہو گئی اور وہ 11اپریل1983ء کو دل کے دورے کے باعث 44برس کی عمر میں انتقال کر گئے انہیں سخی حسن قبرستان کراچی میں سپردخاک کیا گیاان کی وفات کے بیس برس بعد ان کی خدمات کے عوض سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔