Live Updates

لله*آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن آفس لارنس روڈ آمد

ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز کو مزید فعال اور سہولیات کا معیار زیادہ بہتر بنانے پر اتفاق رائے - صوبائی وزراء صحت اور آئی جی پنجاب کا ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کو درپیش صحت عامہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ

ہفتہ 6 اپریل 2024 21:35

ن*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق محکمہ صحت کے تعاون سے ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز کو مزید فعال اور سہولیات کا معیار زیادہ بہتر بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محکمہ صحت کے اشتراک سے ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کو درپیش صحت عامہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ صحت کے اشتراک سے ٹرانسجینڈرز کے ایڈز سمیت دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کینسر کے مریض بچوں کے وارڈز کو خوبصورت بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ، ہیپاٹائٹس ویکسینیشن کی تیسری خوراک جلد مکمل کروائی جائے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ اور سائیکالوجیکل پروفائلنگ دوبارہ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس لائنز ویلفیئر ہسپتال قلعہ گجر سنگھ کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے ساتھ اشتراک عمل جاری رہے گا، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ ہسپتال میں ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت پولیس ملازمین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن آفس لارنس روڈ دورے کے موقع پر صوبائی وزرائ صحت سے ملاقات کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر، وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی ، محکمہ صحت کے تعاون سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے،صوبائی سیکرٹری صحت علی جان سمیت محکمہ صحت کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی آپریشنز، اے ایس پی شہربانو نقوی سمیت سینئر پولیس افسران بھی موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات