ْصوبے میں بہترین تعلیمی نظام ،نصاب اور امتحانات کا ماڈل لانا میرا عزم ہے‘ رانا سکندر حیات

بزدار حکومت نے تعلیمی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن نہیں کی بلکہ بیڑہ غرق کر دیا‘ وزیر تعلیم پنجاب کی گفتگو

اتوار 7 اپریل 2024 15:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے میں بہترین تعلیمی نظام ،نصاب اور امتحانات کا ماڈل لانا میرا عزم ہے ، بزدار حکومت نے تعلیمی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن نہیں کی بلکہ بیڑہ غرق کر دیا ۔ ایک انٹر ویو میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران تعلیم کا سپاہی میرا سلوگن تھا ، میرا وزارت کے لئے کوئی انٹرویو نہیں لیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ قصور تعلیمی درجہ بندی میں70ویں نمبر پر تھا لیکن جب میں چیئرمین ضلع کونسل قصور بنا تو دن رات محنت کر کے اسے پہلے نمبر پر لے کر آیا ۔انہوں نے کہا کہ میرا عزم ہے کہ صوبے میں تعلیم کا بہترین نظام ہونا چاہیے ،دنیا کے رجحان کے مطابق نصاب ترتیب دینا چاہیے اور اسی طرح جدید طرز کا امتحانی ماڈل ہونا چاہیے ، ہم اس کے لئے ہر ممکن کاوشیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بزدار حکومت نے تعلیم کے نظام میں جو ڈیجیٹلائز یشن اور میکنزم تیار کیا اس کے نتائج سب دیکھ رہے ہیں جس میں پرچے ،سنٹرز اورنمبرز بک رہے ہیں، میٹرک کے امتحانات بک رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے بوٹی مافیا کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں، ہم تعلیم کے نظام کو بہتر ین بنیاد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول تعلیم کے لئے بہترین نظام ، میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں یہ واحد ادارہ ہے جس میں کوئی کرپشن نہیں۔