گیس سلنڈرز کی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاتقریق کارروائیاں یقینی بنائیں، ڈپٹی کمشنر سرگودہا

پیر 8 اپریل 2024 16:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) گیس سلنڈرز کی ری فلنگ ایک سنگین جرم ہے جس کی روک تھام کے لیے اوگرا نے انتظامی افسران کو مکمل اختیارات دے رکھے ہیں تاکہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتقریق کارروائیاں یقینی بنائیں۔ ا ن خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) شعیب علی نے ڈی سی آفس کانفرنس ہال میں گیس سلنڈرز کی ری فلنگ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پولیس، سول ڈیفنس، انڈسٹریز، ریسکیو 1122 اور ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ اپنی اپنی تحصیلوں میں گیس ری فلنگ کرنے والی دکانوں کا آڈٹ کروائیں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرنے تمام تحصیلوں میں معیاری و غیر معیاری سلنڈرز کی چیکنگ کے لیے سول ڈیفنس فیلڈ سٹاف کو جدید آلات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس کو اس غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کے لیے آگاہی سیمینار کروانے کے علاوہ فائیر فائٹنگ ٹریننگ کروانے کے ضرورت پر بھی زور دیا۔ شعیب علی کا کہنا تھا کہ انسانی جان سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں، صرف اوگرا کے ایس او پیز کے مطابق سلنڈرز کی خرید و فروخت کی اجازت ہے۔ اس ضمن میں ایل پی جی ایسوسی ایشن اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے غیر معیاری سلنڈرز کی ری فلنگ اور خرید و فروخت کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے گیس سلنڈروں کی ری فلنگ کے خلاف اب تک کی کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔