جج سے بدتمیزی کرنیوالے والے وکیل کو 6 ماہ قید کی سزا کا حکم

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ساڑھے تین گھنٹے سے زائد سماعت جاری رکھی، تین گواہوں کے بیانات قلمبند

پیر 8 اپریل 2024 17:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ہائیکورٹ کے جج جسٹس سلطان تنویر سے بدتمیزی کرنے والے والے وکیل زاہد محمود گورائیہ کو 6 ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے جسٹس سلطان تنویر کے ریفرنس پر سماعت کی۔چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد سماعت جاری رکھی، تین گواہوں کے بیانات قلمبند کئے، پراسیکیوٹر کے فرائض سید فرہاد علی شاہ نے ادا کئے۔

(جاری ہے)

جسٹس سلطان تنویر احمد نے وکیل زاہد محمود گورائیہ کے خلاف چیف جسٹس کو توہین عدالت کا ریفرنس بھیجا، ریفرنس میں لکھا گیا کہ وکیل زاہد محمود گورائیہ جسٹس سلطان تنویر کی عدالت میں چیختے چلاتے رہے، مذکورہ وکیل نے عدالت اور بنچ کے بارے میں نہایت توہین آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کئے، عدالت مذکورہ وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے ایڈووکیٹ زاہد محمود گورائیہ کو جیل بھجوانے کا حکم دیدیا، چیف جسٹس نے بدتمیزی کرنے والے وکیل پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، چیف جسٹس نے وکیل زاہد محمود گورائیہ کے خلاف توہین عدالت کا جرم ثابت ہونے پر فیصلہ سنایا۔