کراچی سے دبئی جانے والے مسافر سے 45 پاسپورٹ برآمد

مسافر محمد عدنان فلائی دبئی کی پرواز سے کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اپریل 2024 16:28

کراچی سے دبئی جانے والے مسافر سے 45 پاسپورٹ برآمد
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کراچی میں کارروائی کے دوران ایران کے مسافر سے 45 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کر لیے، مسافر عدنان مختلف شہریوں کے پاسپورٹس غیر قانونی طور پر دبئی لے جا رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مسافر محمد عدنان فلائی دبئی کی پرواز سے کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا، جناح ٹرمینل پر سامان کی اسکیننگ کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے پاسپورٹس کی نشاندہی کی، سامان کی دستی تلاشی کے دوران بیگ سے 45 پاسپورٹس برآمد کیے گئے، غیر متعلقہ افراد کے پاسپورٹس کی موجودگی کے حوالے سے مسافر کا مؤقف غیر تسلی بخش تھا، جس کی وجہ سے مسافر اور برآمد شدہ پاسپورٹس کو اے ایس ایف نے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے جناح انٹرنیشنل ڈپارچرلاؤنج پر کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیرملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، اس حوالے سے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز محمد فیصل نے بتایا کہ ڈپارچر لاؤنج پر تعینات عملے نے شک کی بنیاد دبئی جانے والے ایک مسافر کے سامان کی جانچ پڑتال کی تو اس کے سامان سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اسد احمد نامی مسافر پرواز ای ای 603 سے دبئی جارہا تھا، مسافر نے سعودی ریال اپنے بیگ میں چھپائے ہوئے تھے کیوں کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کو 5 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی غیرملکی کرنسی لے جانے کی اجازت ہے لیکن مسافر نے مقررہ حد سے دوگنا زائد 37 لاکھ پاکستانی روپے مالیت کے سعودی ریال اپنے ہمراہ لے کر جانے کی کوشش کی، جس پر حکام نے کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے برآمدہ کرنسی ضبط کرلی اور اس سلسلے میں مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔

دوسری طرف وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانے والے مسافرسے 2 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی، مسافر اسماعیل خان نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے پیندے اور آہنی فریم میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی، تاہم ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرلی اور سمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنادیا گیا، جس کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔