پشاور ہائی کورٹ نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کرنے کا حکم دیدیا

عدالت کی جانب سے رپورٹ 24 اپریل تک رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کروانے کی ہدایت

پیر 8 اپریل 2024 21:17

پشاور ہائی کورٹ نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو حقائق پر مبنی رپورٹ شائع ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) پشاور ہائی کورٹ نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کرنے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت عالیہ پشاور نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں عدلیہ کو تیسرا کرپٹ ادارہ قرار دینے سے متعلق 19 فروری کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو 2023 کی سالانہ رپورٹ دوبارہ شائع کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے غیر موجود ڈیٹا شامل کر کے حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کرنے کا حکم دیا۔عدالت کی جانب سے رپورٹ 24 اپریل تک رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کروانے کی ہدایت بھی کی گئی۔فیصلے میں کہا گیا کہ سروے میں مسترد فارم کی مجموعی تعداد کو رپورٹ میں شائع کیا جائے جبکہ رپورٹ میں تمام عوامی رائے کے تناسب کو واضح طور پر شائع کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پڑھنے والے کیلیے کوئی ابہام نہ چھوڑا جائے۔ عدالت مؤثر، تحقیقاتی اور درست ریسرچ کی حواصلہ افزائی کرتی ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو نیشنل کرپشن پر سروے 2023 کی رپورٹ درست کرنے کا اقدام خود کرنا چاہیے تھا۔فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتی فیصلے سے ایسا تاثر نہ لیا جائے کہ آزادی رائے کے اظہار پر پابندی لگائی گئی ہے۔