Live Updates

صوبائی وزیر صحت سے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے وفد کی ملاقات

پیر 8 اپریل 2024 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر سے محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر میں بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت کنٹری ہیڈ مائیکل گیلوے نے کی جبکہ وفد میں ڈاکٹر سیدہ راشدہ اور ڈاکٹر ارتضیٰ شامل تھے۔ اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوآرڈینیٹر خضرافضال بھی موجود تھے۔

صوبائی سیکرٹری صحت علی جان خان کی جانب سے لاہور میں پولیو ویکسینیشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ لاہور میں گزشتہ سات ماہ میں انسداد پولیو کے اہداف 68فیصد سے 85فیصد تک حاصل کرلئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہیلتھ سیکٹر کو مضبوط بناناہے،پنجاب کو پولیو سے پاک کرنا ہے ، وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے موثر منصوبہ بندی درکار ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کو پولیو سے بچائو کے لئے ٹرانزٹ پوانٹس پر کائونٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں شفیق آباد اور خان کالونی میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔بی ایم جی ایف کے کنٹری ہیڈ مائیکل گیلوے نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔بی ایم جی ایف وفد نے لاہور میں کامیاب انسداد پولیو مہم پر محکمہ صحت کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات