Live Updates

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات

ہیلتھ سیکٹر کو مضبوط بنانا وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے، خواجہ عمران نذیر

پیر 8 اپریل 2024 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر سے محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر میں بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت کنٹری ہیڈ BMGF مائیکل گیلوے نے کی جبکہ وفد میں ڈاکٹر سیدہ راشدہ اور ڈاکٹر ارتضیٰ شامل تھے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( EOC) کوآرڈینیٹر خضرافضال بھی موجود تھے۔

صوبائی سیکرٹری صحت علی جان خان کی جانب سے لاہور میں پولیو ویکسنیشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ لاہور میں گزشتہ سات ماہ میں انسداد پولیو کے اہداف 68 فیصد سے 85 فیصد تک حاصل کرلئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ہیلتھ سیکٹر مضبوط بنانا اولین ترجیح یے۔

(جاری ہے)

پنجاب کو پولیو سے پاک کرنا، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے موثر منصوبہ بندی درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کی پولیو امیونائزیشن کے لئے ٹرانزٹ پوانٹس پر کاونٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا کہ لاہور میں شفیق اباد اور خان کالونی میں پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔بی ایم جی ایف کے کنٹری ہیڈ مائیکل گیلوے نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔بی ایم جی ایف وفد نے لاہور میں کامیاب پولیو مہم چلانے پر محکمہ صحت کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات