عید کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی اپنی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا

شوال کے چاند کی شہادتیں اکٹھی کرنے کے لیے غیر سرکاری کمیٹی کا اجلاس پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 13:11

عید کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی اپنی کمیٹی ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) ملک میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی اپنی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت مسجد قاسم علی خان میں ہوگا جب کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے سرکاری زونل کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوگا۔

اسی طرح عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا جس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، اجلاس میں کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے تحت پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔