خیبرپختونخوا: مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینے کا معاملہ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر سے جواب طلب

منگل 9 اپریل 2024 17:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن میں جواب طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواستگزارہ کے وکیل برسٹر ثاقب رضا نے مؤقف اپنایا کہ درخواستگزارہ مخصوص نشست پرممبر منتخب ہوئی ہیں، نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا، عدالت نے اسپیکر کو حکم دیا کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے ممبران سیحلف لیا جائے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود اسپیکر نے ممبران سے حلف نہیں لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہیں، ان کا جواب آجائے تو پھر اس کیس کو سنیں گے۔وکیل نے استدعا کی کہ اس کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور ہمیں تاریخ دی جائے۔عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے اور بھی کیسز ہیں، عید کے بعد ان کیسز کے ساتھ اس کو بھی سنیں گے۔بعد ازان عدالت نے اسپیکر صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن میں جواب طلب کرلیا۔