لاہور میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شیخوپورہ سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی، چاند کی رویت یا عدم رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اپریل 2024 19:39

لاہور میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اپریل 2024ء) لاہور میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے چاند سے متعلق بیان میں کہا کہ لاہور میں زونل کمیٹی کے اجلاس میں نمائندگان نے شرکت کی، لاہور میں چاند کی رویت کا دورانیہ شام 6 بج کر 29 منٹ سے 7 بج کر 21 منٹ تھا، جبکہ میں پنجاب میں 7 بج کر 32 منٹ تھا۔

محکمہ موسمیات اور زونل کمیٹیوں کے شرکاء کی جو اطلاعات حاصل ہوئی ہیں ان کی رپورٹ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پہنچا دی گئی ہے۔ چاند کی رویت یا عدم رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔ زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے بتایا کہ ابھی تک لاہور میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آنے سے متعلق شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

کراچی اور کوہلو سمیت ملک کے کئی علاقوں سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق پیشن گوئی کی تھی کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہو رہا ہے۔ اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جا رہی ہیں، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہیں، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہو رہا ہے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔