دلی ہائی کورٹ نے اروند کیجریوال کی درخواست کو مسترد کر دیا

منگل 9 اپریل 2024 20:40

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) بھارت میں دلی ہائی کورٹ نے شراب اسکینڈل کیس میں گرفتار دلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری اورٹرائل کورٹ ریمانڈ میں توسیع کے حکم کےخلاف دائر درخواست مستر کردیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہائی کورٹ نے اروند کیجریوال کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے شراب اسکینڈل کیس میں کیجریوال کی گرفتاری اور ریمانڈمیں توسیع غیر قانونی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 21مارچ کو کیجریوال کو 2021 کی دلی ایکسائز پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ اگلے دن دلی کی راس ایونیو کورٹ نے انہیں 28 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دیدیاتھا۔ وہ اس وقت نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔اپنی درخواست میں اروند کیجریوال نے دلیل دی ہے کہ مودی کی بھارتی حکومت لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ کا غلط استعمال کر رہی ہے۔