شہر قائد کے پرانے پولو گرانڈ میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع

بدھ 10 اپریل 2024 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) عید کے پہلے روز گلشن جناح پرانے پولو گراونڈمیں سخت سیکورٹی کے درمیان عیدالفطر کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں قاری محمد سلیمی نے صبح 8 بجے عید الفطر کی نماز پڑھائی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، اسلامی ممالک کے سفارت کاروں، اراکین پارلیمنٹ، مختلف سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے گلشن جناح میں نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ لوگوں کے استقبال کے لیے مرکزی دروازے کے سامنے پھولوں کا گیٹ تیار کیا گیا تھا جبکہ عیدگاہ اور اس کے اطراف میں صبح کے وقت خوشبو کا چھڑکائو بھی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مسلم ممالک کے جھنڈے لہرائے گئے۔ عیدگاہ میں وضو کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، اس کے علاوہ صفائی اور جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ قدیم اور روایتی نماز عید کا اجتماع 1958 سے پرانے پولو گراونڈ میں منعقد ہو رہا ہے۔