پاکستان ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور ملائیشیا میں بدھ کو عیدالفطر منائی گئی، بنگلہ دیش اور بھارت میں عید الفطر( جمعرات کو ) کو منائی گئی

جمعہ 12 اپریل 2024 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان اور سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور ملائیشیا میں بدھ کو عیدالفطر منائی گئی، بنگلہ دیش اور بھارت میں عید الفطر(جمعرات11 اپریل کو) منائی گئی۔ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ماہ شوال المکرم کا چاند پیر کو دکھائی نہیں دیا جس کے بعد سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ عید الفطر بدھ کو منائی جائے گی۔

منگل کو پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد ملک بھر میں عید الفطر 10 اپریل کو منانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان کے اکثر مقامات پر مطلع صاف رہا، مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں کراچی، دیر، فیصل آباد، سکردو اور دیگر علاقہ جات شامل ہیں جہاں چاند نظر آ گیا ہے۔

لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم شوال 10 اپریل کو ہوگی۔عمومی طور پر پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک سعودی عرب سے اگلے دن عید مناتے ہیں، چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد پاکستان میں بدھ کوعیدالفطر منائی گئی جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں عید الفطر( جمعرات کو ) کو منائی گئی ۔