فیصل آباد میں وین اور کار میں تصادم سمیت مختلف حادثات 7 افراد جاں بحق، 21 افراد زخمی

جمعہ 12 اپریل 2024 11:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) فیصل آباد میں وین اور کار کے تصادم سمیت مختلف حادثات اور واقعات میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں وین اور کار کے تصادم ، لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ ، موٹر سائیکل سوار کو گاڑی کی ٹکر، خود کشی اور گھر میں آگ لگنے کے حادثات اور واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقہ ڈجکوٹ میں پھرالہ موڑ کے قریب مسافر وین اور کار میں تصادم ہوا ،حادثہ میں ہجویری ٹاؤن فیصل آباد کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 4 افراد جن میں میاں بیوی اور اور 2 بچے شامل ہیں جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 10 سالہ عائشہ 12 سالہ احسن، 40 سالہ عُظمہ اور 50 سالہ ذوالفقار شامل ہیں, حادثہ میں 18افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5 افراد کرن شہزاد زوجہ محمد علی، ثناء دختر محمد علی ، سارہ دختر محمد علی، سحر بی بی، اور رشید احمد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 13افراد خورشید ولد رمضان علی حمزہ ولد رمضان ، خادم ولد حمید، جاوید ولد رمضان ، عدنان ولد اسلم ، شگفتہ زوجہ شاہد، عائزہ دختر ذوالفقار، بابو ولد سراج دین، اصغر ولد قاسم، اقبال بی بی زوجہ اصغر، کرن زوجہ شہزاد عاصمہ دختر شہزاد اور ایک نامعلوم کو ابتدائی طبی امداد کے بعد الائیڈ ہسپتال اور آر ایچ سی ڈجکوٹ منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کنٹرول روم کو ٹریفک حادثہ کی کال موصول ہوئی کالر کے مطابق وین اور کار کا تصادم ہوا فوری طور ریسکیو ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا موقع پر پہنچنے والی امدادی ٹیموں کے مطابق اس حادثہ میں چار لوگ جانبحق ہوئے معمولی ذخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور شدید ذخمیوں کو ہسپتال شفٹ کیا گیا۔ ایک اور حادثہ میں نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، حادثہ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

جھنگ روڈ پر ٹھیکری والا سے ملاں پور کے راستے پر نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، حادثہ میں موٹر سائیکل سوار طارق جاوید ولد خوشی محمد ساکن چک 74 ج ب جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ کالر کے مطابق موٹر سائیکل سوار کو نامعلوم کار نے ہٹ کیا۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مضروب کو ابتدائی طبی امدادی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔

لڑکوں لڑائی میں بڑوں کی مداخلت پر جھگڑا ہوا۔ ایک گروپ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جھنگ روڈ پر چک 75 ج ب اڈہ جوہل کے قریب محلے میں لڑکوں کی آپس میں لڑائی ہوئی بڑوں کی مداخلت کے دوران گالم گلوچ کی وجہ سے تنازعہ بڑھ گیا ، ایک گروہ نے دوسرے پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص احسان ولد سردار محمد کے دل پر گولی لگی جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ عثمان ولد ظہور ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

زخمی کو فوری طبی امداد کیلئے الائیڈ ٹو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بزرگ شخص نے گھریلو پریشانی پر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ڈائیوو روڈ پر رحمان گارڈن لاثانی پارک کے قریب 67 سالہ بزرگ شخص اللہ دتہ مسیح ولد جلال مسیح نے گھریلو پریشانی پر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ گھر میں آگ لگنے سے 4 سالہ بچہ اور اسکی ماں جھلس جانے سے زخمی ہوگئے۔

کھڑیانوالہ جھمرہ روڈ پر گورنمنٹ گرلز سکول کے قریب گھر کے دوسرے اور تیسرے فلور پر آگ لگنے سے 4 سالہ بچہ ایم اسماعیل ولد حسن احمد اور اسکی ماں اجالا زوجہ حسن احمد جھلس جانے سے زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ کنٹرول روم میں ایک گھر میں آۤگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری امدادی ٹیمیں روانہ کروا دی گئی ہیں۔ کالر کے مطابق گھر کے افراد آگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بر وقت موقع پر پہنچ کر ریسکیوآپریشن شروع کر دیا گیا۔ دو افراد جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ جل گئے تھے جن کو فوری ریسکیو کرکے طبی امداد دیتے ہوئے الائیڈ ہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔ مزید کوئی فرد زخمی ہونے کا امکان نہیں ہے۔ دوسرے فلور پر آگ بجھا دی گئی ہے۔ تیسرے فلور پر لگی ہوئی آگ پر قابو پا لیا گیا۔