حالات جیسے بھی ہوں، ہم حق و صداقت کی آواز بلند کرتے رہیں گے،میرواعظ عمرفاروق

جمعہ 12 اپریل 2024 18:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے سربراہ میرواعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ مرکزی جامع مسجد کے منبر ومحراب سے ہمیشہ حق و صداقت کی ترجمانی ہوتی رہی ہے اور حالات جیسے بھی ہوں ہم یہ فریضہ انجام دیتے رہیں گے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے جمعتہ الوداع، شب قدر اور عید الفطر جیسی اہم دینی تقریبات کے موقع پر نظر بند ی سے رہائی کے بعد جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے خصوصی ایام بالخصوص جمعتہ الوداع، شب قدر اور عید سعید پر انہیں بلا جواز نظر بند رکھ کر ان دینی تقریبات میں شرکت سے روکا گیا اور عوامی جذبات مجروح کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ کے ان اقدامات سے بے شک ہمارے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں لیکن ہمیں ہمت ، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف قابض حکومت یہاں حالات میں بہتری کا دعویٰ کرتی ہے لیکن دوسری طرف آئے روزانہیں اور مرکزی جامع مسجد کو بند کرکے خود ہی اپنے جھوٹے دعوئوں کی قلعی کھول دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مایوس نہیں ہیں ہمیں اللہ پر پورا بھروسہ ہے اور میرواعظین کشمیر اور ہمارے اسلاف نے جامع مسجد کے تاریخی منبر و محراب سے ہمیشہ جس طرح حق و صداقت کی ترجمانی کی ہے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یہ فریضہ ہم بہر حال انجام دیتے رہیں گے۔

میرواعظ نے اگلے جمعہ سے مذہبی سرگرمیاں پھر سے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ سے مرکزی جامع مسجد میں مجلس وعظ و تبلیغ 12:35 منٹ پرشروع ہوگی اور نماز جمعہ ٹھیک1:40 منٹ پر ادا کی جائیگی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وقت کا خاص خیال رکھ کر نماز جمعہ کی ادائیگی میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔