پاکستان میں رواں مالی سال خطے میں مہنگائی سب سے زیادہ، معاشی شرح نمو کم رہنے کی پیشگوئی

رواں مالی سال مالدیپ میں مہنگائی 3.2، نیپال میں 6.5 اور سری لنکا میں مہنگائی 7.5 فیصد رہنے کی توقع

جمعہ 12 اپریل 2024 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں رواں مالی سال 2023-2024 کے دوران خطے میں مہنگائی سب سے زیادہ اور معاشی شرح نمو سب سے کم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔میڈیا رپورٹ کیمطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈیویلپمنٹ آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں پاکستان میں رواں مالی سال معاشی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا، اے ڈی بی نے پاکستان میں رواں مالی سال اوسط مہنگائی 25 فیصد رہنے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں پڑوسی ملک بھارت میں رواں مالی سال مہنگائی 4.6 فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں 8.4 اور بھوٹان میں مہنگائی 4.5 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال مالدیپ میں مہنگائی 3.2، نیپال میں 6.5 اور سری لنکا میں مہنگائی 7.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال بھارت میں معاشی شرح نمو 7 فیصد، بنگلا دیش میں معاشی شرح نمو 6.1 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان کی معاشی شرح نمو انڈونیشیا، ملایشیا اور فلپائن سے کم رہنیکا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ڈیویلپمنٹ آوٹ لک رپورٹ کے مطابق سنگا پور ،تھائی لینڈ، ویت نام سے بھی پاکستان کی معاشی شرح نمو کم رہنے کی توقع ہے اس کے علاوہ رواں مالی سال سری لنکا کی معاشی شرح نمو پاکستان کے برابر یعنی 1.9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔اے ڈی بی نے بتایا کہ آئندہ برس پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، آئندہ برس پاکستان میں سیاسی استحکام نظر آرہا ہے، آئندہ برس پاکستان میں مہنگائی کم ہو کر 15 فیصد تک رہنے کی بھی توقع ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں معاشی اصلاحات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں ، معاشی استحکام کے لیے اصلاحات پر عملدرآمد نا گزیر ہے، پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کی پیداوار بڑھ رہی ہے۔