ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے منشیات کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے، شرجیل میمن

جمعہ 12 اپریل 2024 22:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ اور ایکسائیز ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے منشیات کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے۔وہ منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تعلیی اداروں میں آئس و دیگر منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے، انہوں نے سیکریٹری ایکسائیز اور ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد طارق دھاریجو کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کیخلاف مشترکہ کاروائیاں کریں اور ان کارروائیوں سے متعلق سیکرٹری انفارمیشن سندہ کو بھی آگاہ کریں تاکہ میڈیا پر ان کی تشہیر کرکے منشیات فروشوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے، انہوں نے سیکرٹری انفارمیشن کو ہدایت کی کہ وہ چند روز میں منشیات کیخلاف اشتہار بھی شائع کروائیں جس میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق اطلاع دینے کے لئے ہیلپ لائن نمبر بھی ہو، انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ منشیات کے جرم میں پکڑے جانے والے افراد سے اچھی طرح تفتیش کی جائے تاکہ نہ صرف منشیات کے بڑے اسمگلرز کو پکڑنے میں مدد ملے بلکہ منشیات کی سپلائی چین کو بھی توڑا جا سکے، انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ انہیں اس ضمن میں چند روز میں صورتحال میں بہتری نظر آنی چاہیے کیوں کہ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے،انہوں نے سیکریٹری ایکسائیز کو ہدایت کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے کے لئے اچھی شہرت کے حامل افسران پر مشتمل ایک ٹاسک فورس تشکیل دیں، صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو واٹس ایپ گروپ بنا کر اپنی روز مرہ کی کارکردگی اور معلومات شیئر کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد طارق دھاریجو نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن، سیکریٹری ایکسائیز ٹیکسیشن سلیم احمد راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس وحید شیخ، ڈی آئی جی پویس حیدرآباد طارق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر حیدرآبادطارق قریشی، ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ ودیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔