خیبرپختونخوا،بونیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، مطلوب دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی جبکہ 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بونیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد سلیم ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب جاوید شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، مزید کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔