Live Updates

اگر فارم 45 کے مطابق حکومت بنتی تو وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بنتی

فارم 47 والوں کی حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، آپ عوام کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے، عوام کا سمندرآپ کو بہا کر لے جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اپریل 2024 18:25

اگر فارم 45 کے مطابق حکومت بنتی تو وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بنتی
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اگر فارم 45 کے مطابق حکومت بنتی تو وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بنتی، فارم 47 والوں کی حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، آپ عوام کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے، عوام کا سمندرآپ کو بہا کر لے جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں اپوزیشن اتحاد ’تحریک تحفظ آئین‘ کے زیر اہتمام پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہے لیکن حکومت بلوچستان نے پشین کے راستے میں جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سے کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا جارہا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے سب عیاں ہو جائے گا، ملک کے عوام ہمیشہ تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پیش پیش رہے، اپوزیشن اتحاد پورے ملک میں جلسے کرے گا، ہر طبقے کے پاس جائیں گے، آئین کی پاسداری ہوئی تو عمران خان اور دیگر قائدین جیلوں سے باہر آسکیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں جلسے کے پیش نظر انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے، پشین میں انتظامیہ کی جانب سے شہر میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جلسہ گاہ کے اندراور باہر سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے، ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام سے جلسہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ اگر فارم 45 کی حکومت بنتی تو مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنتی، یہ لوگ فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑے ہیں، عوام کا سمندرآپ کو بہا کر لے جائے گا،آپ عوام کے سامنے نہیں کھڑے ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے تحفظ کے لئے نکلے ہیں، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد نے ’تحریک تحفظ آئین‘ کے نام سے ایک اتحاد قائم کیا ہے، تحریک تحفظ آئین کا صدر محمود اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے، اس حوالے سے 6 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد کا کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں عمر ایوب، اخترمینگل، محمود اچکزئی، لیاقت بلوچ اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا اتحاد بننے جارہا ہے آج دوسری میٹنگ تھی، فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں جہاں قانون کی پاسداری نہ ہووہاں خوشحالی نہیں ہوتی، تحریک کا نام تحریک تحفظ آئین رکھا گیا ہے، ہم ایک ملک میں دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی تحریک کا صدر محمود خان اچکزئی کو نامزد کررہے ہیں، تحریک تحفظ آئین کی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام جلسے ایکشن پلان کے تحت ہوں گے، بلوچستان میں کل دو جلسے کرنے جارہے ہیں۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ شوریٰ اجلاس کے بعد حتمی مئوقف سامنے رکھیں گے، اس اجلاس کے اعلامیہ سے ہمارا اتفاق ہے، عوام کو دیوار سے لگا دیا اور مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جارہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات