پشین جلسے سے ثابت ہو گیا اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے قبل ہی ناکامی سے دوچار ہو گئی، سینیٹر طلال چوہدری

اپوزیشن جماعتوں کا ناکام جلسہ صرف اور صرف کرسی کے حصول کی کوشش ہے، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں،بیان

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) لیگی رہنماء سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پشین جلسے سے ثابت ہو گیا اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے قبل ہی ناکامی سے دوچار ہو گئی۔ اپوزیشن جماعتوں کا ناکام جلسہ صرف اور صرف کرسی کے حصول کی کوشش ہے، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن)کے رہنماء سینیٹر طلال چوہدری کہا کہ پشین جلسے سے ثابت ہو گیا کہ ان کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ناکامی سے دوچار ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ناکام جلسہ صرف اور صرف کرسی کے حصول کی کوشش ہے، انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا پشین جلسے میں نوشکی میں دہشت گردی کی کسی نے مذمت کی ،کیا کسی نے جلسہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ،کیا کسی نے فلسطین مسئلے پر کوئی بات کی ،کیا کسی نے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی یا عوام کے مسائل پر کوئی بات کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سب کرسی کا چکر ہے، یہ جلسوں سے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں عوام کے ساتھ جو کچھ کیا، عوام اس کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کرسی کی سیاست عوام جان چکے ہیں،عوام ان کے دھوکے میں اب نہیں آئیں گے، عوام گالم گلوچ کی سیاست نہیں، اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ناکام جلسے میں ایک سیاسی رہنما کے خلاف کی گئی نعرے بازی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔