بھارت :میرٹھ میں سڑک پر عید کی نماز ادا کرنے پرمسلمانوں کے خلاف ایف آئی آر درج

ہفتہ 13 اپریل 2024 21:30

میرٹھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست اتر پردیش میں ایک ہندوتوا پولیس افسر نے سڑک پر عید کی نماز ادا کرنے پر مسلمانوں کے خلاف ایف آئی آردرج کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایف آئی آر سب انسپکٹر یوگیش کمار نے میرٹھ شہر کے شاہی عیدگاہ کے ساتھ سڑک پر نماز عید ادا کرنے پر درج کی۔ایف آئی آر شہر میں غیر قانونی اجتماع، نافرمانی اور خطرہ یا رکاوٹ پیداکرنے کے جرم کے تحت درج کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یوگیش کمار نے اپنی شکایت میں کہا کہ مجھے شاہی عیدگاہ پر ڈیوٹی سونپی گئی تھی تاکہ عیدالفطر کے تہوار کی بحفاظت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ میں اس وقت وہاں موجود تھا جب مسلم کمیونٹی کے لوگ شاہی عیدگاہ میں عید الفطر کی نماز پڑھ رہے تھے۔کچھ نامعلوم افراد سڑک کے کنارے نماز پڑھنے کے لیے بیٹھ گئے جن کو میں نہیں جانتا تھا۔ انہیں وہاں سے پرامن طریقے سے ہٹایاگیا۔ تقریبا پونے آٹھ بجے جیسے ہی نماز شروع ہوئی اور عیدگاہ نمازیوں سے بھرگئی تو ایک سو سے دو سوافراد سڑک پر کھڑے ہوئے اورنماز اداکی ۔