ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کیخلاف ایکشن کی تیاری مکمل کر لی

چند روز تک تاجروں اور صنعتکاروں کو حتمی نوٹس مل جائیں گے‘ ذرائع

اتوار 14 اپریل 2024 15:20

ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کیخلاف ایکشن کی تیاری مکمل کر لی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن کی تیاری مکمل کر لی۔ذرائع کے مطابق چند روز تک تاجروں اور صنعتکاروں کو حتمی نوٹس مل جائیں گے، تاجروں کا رہن سہن، شاہانہ اخراجات ان کے ٹیکس ڈیٹا سے مطابقت نہیں رکھتا، ٹیکس چند ہزار جبکہ سالانہ آمدن کروڑوں میں ہے۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق بیشتر تاجروں اور صنعتکاروں نے متعدد پلاٹ لے رکھے ہیں اور ان کے بیرونِ ملک بھی بزنس ہیں، کئی بار ان تاجروں اور صنعتکاروں کو پورا ٹیکس دینے کا موقع فراہم کیا گیا۔

لاہور کی اکبری منڈی، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ، انارکلی، لبرٹی، مال روڈ، گلبرگ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹائون اور دیگر علاقوں کے تاجروں کی فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کا 10 سال کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کے تاجروں کو شامل کیا جائے گا، عدالتوں سے بھی رجوع کر لیا گیا ہے، حکم امتناعی خارج ہو جائیں گے، آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی بڑھانا ہے۔اس حوالے سے ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ نہ کسی سے زیادتی ہو گی نہ زائد ٹیکس لیں گے، تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے ہیں، ٹیکس لیے بغیر اب گزارا نہیں، حکومت سنجیدہ ہے۔