بجلی وپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے،ایم ملک صدیق

حکومت کی عوام پر حالیہ پیٹرول بم باری سے تاجر و صنعتکاروں کے مسائل مزید اضافہ ہو گا

اتوار 14 اپریل 2024 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) عثمانیہ گروپ آف بزنس کے سی ای او،سندھ انڈسٹریل اینڈ بزنس فورم کے وائس چئیرمین،اکابرین ملت فورم کے چئرمین اور معروف کاروباری و سماجی شخصیت ملک محمدصدیق نے حکومت کی جانب سے گذشتہ چند دنوں کے دوران پیٹرولیم اوبجلی کے نرخوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی قراردیا انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی بیروزگاری، کرپشن اور ہر روز کی لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وجہ سے پریشان ہیں اب حکومت کی عوام پر حالیہ پیٹرول بم باری اور برق باری سے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوجائے گابجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ناصرف مصنوعات کی Cost of Productionمیں اضافہ ہوگا بلکہ روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کریں گی جس سے امیر و غریب ہر طبقہ یکساں طور پر شدید متاثرہو گا۔

(جاری ہے)

حکومت پہلے ہی پیٹرول کے فی لیٹر پر بھاری لیوی اور جی ایس ٹی وصول کررہی ہے۔انہوں نے زوردیا کہ حکومت عوام کا تیل نکالنے کی بجائے ان کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے ٹیکسوں کی بھر مار ختم کرنے کے ساتھ ساتھ شرفاء (Eleites)کو مفت پیٹرول کی فراہمی بند کرے۔اور بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت نے اپنی روش ختم نہ کی تو وہ دن دور نہیں جب عوام سڑکوں پر ہونگے اور حکمران راہ فرار اختیار کررہے ہونگے۔