دیامر کے مسائل حل اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

اتوار 14 اپریل 2024 18:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چلاس میں دیامر کے جید علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیامر کے مسائل حل اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے سی بی ایمز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں تمام مطالبات پرتفصیلی بات ہوگی۔

دیامر کے عوام نے ڈیم کیلئے قربانی دی ہے۔ عوام کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ مسنگ چولہا کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ڈیم کی رائیلٹی پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابوسر ٹنل کی فزیبلٹی تیار ہورہی ہے تاکہ بابوسر روڈ کو آل ویدر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

دیامر کے عوام کے مطالبے پر ورکنگ پلان کی منظوری ہوگی تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے دیامر کیلئے دانش سکول کا اعلان کیا ہے۔ باہمی تعاون سے اس اہم منصوبے کیلئے چلاس میں جگہ مختص کی جائے گی۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گوہر آباد کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوہر آباد سمیت صوبے کے تمام 10 اور 30 بیڈ ہسپتالوں کو فعال بنائیں گے۔ سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ گوہر آباد کیلئے آر سی سی پل کی تعمیر کو یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کو حل کیا جاسکے۔ عوام کے مسائل حل کرنے اور وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے۔