کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والا عامر تانبا قاتلانہ حملے میں جاں بحق

دو شوٹر موٹرسائیکل پر آئے ایک موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا ،ایک نے گھر کے اندر داخل ہوکر عامر تانبا کو نشانہ بنایا مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی

اتوار 14 اپریل 2024 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والاعامر تانبا قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گیا ،موٹر سائیکل سواروں نے عامر تانبا پر اسلامپورہ کے علاقے میں حملہ کیا ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر تانبا کچھ عرصہ قبل کوٹ لکھپت جیل سے رہاہوا تھا اور گزشتہ روز دو موٹر سائیکل سواروں نے اسلامپورہ میں اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق دو شوٹر موٹرسائیکل پر آئے ایک موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا جبکہ ایک نے گھر کے اندر داخل ہوکر عامر تانبا کو نشانہ بنایا ۔ عامر تانبا کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

خاندانی ذرائع کے مطابق عامر عرف تانبا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق عامر سرفراز کی موت خون زیادہ بہنے کی وجہ سے ہوئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول عامر تانبا کو مجموعی طور پر چار گولیاں لگیں، حملہ آوروں نے 2گولیاں سینے اور دو ٹانگوں میں ماریں۔خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول عامرتانبا کو پہلے سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔

جبکہ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی جنید سرفراز کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں درج کیا گیا ۔مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ۔جس کے متن کے مطابق میرا بھائی عامر سرفراز گھر کے اوپر والے پورشن میں تھا ، دو حملہ آوروں نے عامر کو گولیاں ماریں، ایک حملہ آور نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا ، ہم نے ایمبولینس میں بھائی کو ہسپتال منتقل کیا ۔

15فائیو پر کال کرنے پر متعلقہ پولیس پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ عامر تانبا اور مدثر نامی قیدیوں نے 2013میں کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران بھارتی جاسوس سر بجیت سنگھ پر حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھا اور بعد ازاں ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔عامر تانبا اور مدثر پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم سیشن کورٹ نے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے قتل کیس میں ملوث دونوں ملزمان کو بری کردیا تھا۔