Qکراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

اتوار 14 اپریل 2024 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو کہیںہلکی اور تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، کلفٹن اور نیا ناظم آباد میں آسمانی بجلی بھی گرگئی۔ کے الیکٹرک نے بارش میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کرنے کی ہدایت کردی ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو نارتھ کراچی ،سرجانی ،نیو کراچی ،اورنگی ٹائون ، یونیورسٹی روڈ، بفرزون، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گلستان جوہر، ملیر، کیماڑی، شاہراہ فیصل، ماڑی پور، صدر، میٹروول، گلبائی، لیاری، شاہ فیصل کالونی، شارع فیصل، قائد آباد، کورنگی، کلفٹن،، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، شیر شاہہ ،لیاقت آباد، عائشہ منزل، کریم آباد، ناظم آباد،گلشن جمال، یونیورسٹی روڈ، ملیر، گلستان جوہر، اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور تیز بارش ہوئی جبکہ کلفٹن اور نیا ناظم آباد میں آسمانی بجلی گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی میں مخدوش رہائشی عمارتوں کو خالی کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہے ۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی سپلائی کا نظام مستحکم ہے، ٹیمیں مدد کے لیے موجود ہیں، بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے ترسیلی تنصیبات سے فاصلہ قائم رکھیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب عارضی طور پر بجلی بند کی جاسکتی ہے، کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر ہے۔