بلاول بھٹو زرداری کا ملک کے مختلف علاقوں میں بارش میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

متعلقہ حکومت وادارے بارش متاثرین کی فوری امداد کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف مشکلات میں پھنسے شہریوں کی مدد کریں، بلاول بھٹو

اتوار 14 اپریل 2024 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بارش کے دوران ملک میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، راجن پور اور لودھراں میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب بھر میں بارش متاثرین کی مدد کے لیے اپنی ذمیداری نبھائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ کے زیریں و بالائے چترال کے علاقوں سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران حادثات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور خیبرپختونخواہ حکومت اور متعلقہ ڈزاسٹر مینیجمینٹ اداروں پر زور دیا کہ بارش متاثرین کی فوری امداد کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف مشکلات میں پھنسے شہریوں کی مدد کریں۔

انہوں نے چمن، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بلوچستان کی عوامی حکومت بارش متاثرین کو مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹیوں و تحقیقی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم وطنوں کو محفوظ رکھنے کے لیے حکومی سطح پر غیرمعمولی جذبے اور قائدانہ کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے متعلق طوطا چشمی یا شتر مرغ کی طرح گردن ریت میں دبائی نہیں جا سکتی۔