ّجیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنیوالا عامر تانبا قاتلانہ حملے میں جاں بحق

&شوٹر نے گھر میں داخل ہو کر عامر تانبا کو گولیاں ماریں، ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا، مقدمہ درج

اتوار 14 اپریل 2024 20:35

@لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والاعامر تانبا قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گیا ،موٹر سائیکل سواروں نے عامر تانبا پر اسلامپورہ کے علاقے میں حملہ کیا ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر تانبا کچھ عرصہ قبل کوٹ لکھپت جیل سے رہاہوا تھا اور گزشتہ روز دو موٹر سائیکل سواروں نے اسلامپورہ میں اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق دو شوٹر موٹرسائیکل پر آئے ایک موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا جبکہ ایک نے گھر کے اندر داخل ہوکر عامر تانبا کو نشانہ بنایا ۔ عامر تانبا کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

خاندانی ذرائع کے مطابق عامر عرف تانبا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق عامر سرفراز کی موت خون زیادہ بہنے کی وجہ سے ہوئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول عامر تانبا کو مجموعی طور پر چار گولیاں لگیں، حملہ آوروں نے 2گولیاں سینے اور دو ٹانگوں میں ماریں۔خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول عامرتانبا کو پہلے سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی جنید سرفراز کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں درج کیا گیا ۔

یاد واضح رہے کہ عامر تانبا اور مدثر نامی قیدیوں نے 2013میں کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران بھارتی جاسوس سر بجیت سنگھ پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا تھا جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔عامر تانبا اور مدثر پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا بعدازاں سیشن کورٹ نے دونوں ملزمان کو بری کردیا تھا۔