واٹر کارپوریشن نے برساتی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا، ترجمان واٹر

اتوار 14 اپریل 2024 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے شہر بھر میں برسات سے قبل تمام سکشن مشینیں، ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر مشینری پہنچا کر برساتی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن انتظامیہ نے بارش سے قبل شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور ڈیپ ایریا میٹرو پول ہوٹل، وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس، مسلم جم خانہ، میری ویدھر ٹاور، بلاول چورنگی، جناح ایئرپورٹ، آرٹس کونسل چورنگی، پی سی ہوٹل، 26 اسٹریٹ، جناح ہسپتال، نرسری، گورا قبرستان بلوچ کالونی، ایف ٹی سی فلائی اوور، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ قائدین، وزیر مینشن اور ایم اے جناح روڈ کے مختلف مقامات پر تمام سکشن مشینیں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر مشینری پہنچائی اور بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا، ترجمان کا کہنا تھا کہ سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے کاموں کا بذات خود جائزہ بھی لیا، اس موقع پر سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک واٹر کارپوریشن کی گاڑیاں اور عملہ سڑکوں پر موجود رہے گا اس ضمن میں واٹر کارپوریشن کا عملہ چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے، انکا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کا کام بلا تعطل جاری رہے گا، واٹر کارپوریشن کا عملہ رات بھر تعینات رہے گا اور بروقت پانی نکاسی کی جائیں گی جبکہ واٹر کارپوریشن کا عملہ شفٹوں میں تعینات ہے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے عملہ متحرک ہے، انہوں نے کہا کہ متوقع مزید بارش کے سلسلے میں واٹر کارپوریشن میں ایمرجنسی نافذ رہے گی اور شہریوں سے التماس ہے کہ بارش میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کے ایم سی سمیت دیگر تمام بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے عمل کو مکمل کر رہی ہے۔