صارفین کیلئے بری خبر،نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا

بجلی کی طلب میں فروری تک مجموعی طور پر 12 فیصد کمی آئی، طلب میں مسلسل کمی کی وجہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے،نیپرا حکام

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 11:42

صارفین کیلئے بری خبر،نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) صارفین کیلئے بری خبر ، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا کہ بجلی کی طلب میں فروری تک مجموعی طور پر 12 فیصد کمی آئی، طلب میں مسلسل کمی کی وجہ سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے۔

اس حوالے سے نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب میں مسلسل کمی سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔نیپرا اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ قانونی دائرے میں رہ کر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کیپسٹی پیمنٹ کو کم کرنے پر بھی کام کرے، موجودہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ ہے۔نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت توانائی اور سی پی پی اے کمرشل بنیادوں پر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا پرپوزل جمع کروا دیں، بجلی کے نرخوں میں 60 فیصد کیسپٹی پیمنٹس ہیں جو عالمی معیار سے بہت زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مہنگائی کے ستائے عوام کو جھٹکا دیا گیا تھا۔ حکومت نے بجلی مزید 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی۔نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن کے مطابق بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فروری کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین سے اضافی وصولیاں اپریل کے بلوں میں کی جائیں گیں، بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر لاگو نہیں کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ یکم اپریل کو بھی حکومت نے پٹرول کے بعد بجلی بھی مہنگی کردی تھی۔نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن کے مطابق بجلی 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔ بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین سے اضافی وصولیاں اپریل، مئی اورجون میں کی جانے کا کہا گیا تھا۔