پشاور،بی آر ٹی کا اربوں روپے کاسالانہ خسارہ، کرایہ بڑھانے کی تجویز زیر غور

پیر 15 اپریل 2024 17:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) بی آر ٹی پشاور کے اربوں روپے کے سالانہ خسارے پر قابو پانے کے لیے کرایہ بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔سرکاری حکام کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا سالانہ خسارہ 6 ارب روپے سے بڑھ گیا ہے جس پر قابو پانے کےلئے بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے سمیت دیگر آپشنز پر غور جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی نے محکمہ خزانہ کو کرایہ بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے اور بتایا ہے کہ 5 روپے بڑھانے سے 67 کروڑ جبکہ 10 روپے کرایہ بڑھانے سے ایک ارب 36 کروڑ روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی رائیڈرشپ میں اضافے کے باوجود ہر سال سبسٹدی بڑھ رہی ہے، حکومتی خزانے سے ہر مسافر کو 50 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، ایک مسافر سے 28 روپےکرایہ وصول کیا جا رہا ہےجبکہ خرچہ 80 روپے ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق بی آر ٹی کا ماہانہ بجلی اور ڈیزل کا خرچہ 20 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، محکمہ خزانہ نے بی آر ٹی کو خسارے سے نکالنےکےلئے متعلقہ حکام سے مزید تجاویز مانگ لی ہیں۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کو بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم انہوں نے فیصلہ منتخب حکومت پر چھوڑ دیا ۔مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ بڑھانا ناگزیر ہے، مہنگائی بڑھ گئی ہے، بی آرٹی کا کرایہ کم سےکم بڑھانےکی تجویز مانگی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرایوں میں اضافہ نہ کرنے سے بی آر ٹی کا خسارہ بڑھ گیا ہے، 2 سال میں بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہوا تاہم کرایہ نہیں بڑھایا گیا۔