حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے جذبے اورجدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، رانا رئیس

پیر 15 اپریل 2024 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) سماجی رہنما و چیئرمین ال میمونہ ویلفیئر ایسوسی ایشن رانا رئیس نے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے صہیونی فوج کے حملوں میں بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور فلسطین سے اسرائیل کا قبضہ ختم ہوگا اسماعیل ہانیہ کے بیٹوں، پوتوں سمیت اہل فلسطین نے جس مشن کے لیئے شہادت کو گلے لگایا اس کے پورے ہونے کا وقت بہت قریب ہے شہداء کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتیں اپنے پیاروں کو کھونے کے باوجود جس جذبے اور بہادری کے ساتھ اسماعیل ہانیہ فلسطین کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیئے جدوجہدکررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے، ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، رانا رئیس نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے مظالم پر امت مسلمہ سمیت عالمی دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے اہل فلسطین نے دنیا بھر کے مسلم ممالک کی حکومتوں اورعالمی اداروں کے چہروں سے پردہ عیاں کردیا ہے صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینی قائدین کے اہل و عیال کو نشانہ بنایا درحقیقت اسرائیل کی ناکامی کا ثبوت ہے فلسطین میں شہداء کی شہادتیں صرف فلسطین کا ہی بلکہ پورے امت مسلمہ کا نقصان ہے فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل کے لیئے امت مسلمہ اور عالمی برداری کو عملی طور پر اقدامات کرتے ہوئے کردار اد اکرنا ہوگا فلسطین میں جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ثابت کیا کہ وہ دہشت گرد اور ظالم ہیں اگر فلسطین سے اسرائیل نے قبضہ ختم نہ کیا اور وہاں پر جاری ظلم وستم سے پیچھے نہ ہٹے تو اس کا بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑیگا اسرائیل کو اسلام دشمن ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے دنیا بھر میں صرف مسلمانوں پر ہی مظالم ڈھائے جارہے ہیں امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے وقت آگیا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان آپسی اختلافات کو بھلا کر متحد ہوجائیں اور جہاں جہاں بھی مسلمان مظالم کاشکار ہیں ان کی مدد کریں اور ظالموں کو ایسا سبق سکھائیںجو پوری دنیا کے ظالموں کے لیئے عبرت کا باعث بنے، انہوں نے مزید کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ایمان کا تقاضا ہے ظلم پر خاموشی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔