رواں سال گرمی کم پڑنے کی توقع

پیر 15 اپریل 2024 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 2022ء میں مارچ سے گرمی شروع ہو گئی تھی، اس بار ایسا نہیں ہوا، اس بار درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ایک انٹرویومیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ اپریل کے آخری ہفتے سے موسم گرم ہونے کا امکان ہے، گرمی ہو گی تاہم بہت زیادہ غیر معمولی گرمی کا امکان نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں توقع کے مطابق بارش ہوئی جبکہ بلوچستان میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ کئی روز سے چل رہا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ توقع تھی کہ یہ سسٹم سندھ میں بھی پھیلے گا اور بارش ہو گی،پہاڑی علاقوں میں فصلوں کے لیے یہ بارش فائدہ مند ہے، میدانی علاقوں میں اس بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں 16 اپریل کی رات سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا، ضلع مکران میں زیادہ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ سندھ سے نکل چکا، کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے، سندھ میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے۔شہر قائد میں مغرب کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے،ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کی سڑکوں سے گزشتہ روز ہوئی بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا ہے۔