چیف سیکرٹری کی تعیناتی،وفاق اور کے پی حکومت میں تنازع برقرار

چیف سیکرٹری کے معاملے پر وفاقی حکومت نے ہمارے ساتھ تصادم کا رویہ اختیار کر رکھا ہے، بیرسٹر محمد علی سیف خیبر پختونخوا میں چیف سیکریٹری کی تعیناتی سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، جلد فیصلہ ہو جائیگا ، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

پیر 15 اپریل 2024 19:30

اسلام آباد/ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی تعیناتی کے معاملہ پر وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان تنازع برقرار ہے،پشاور سے ذرائع کے مطابق 3 ہفتے گزرنے کے باوجود چیف سیکریٹری تعینات نہ کرنے پر کے پی حکومت برہم ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادرخان کا نام بھی چیف سیکرٹری کے پی کیلئے زیر غور آیا، بلوچستان حکومت شکیل قادر خان کی خدمات وفاقی کے سپرد کرنے پر تیار نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے نئے چیف سیکرٹری پر فیصلہ نہ کرسکی، خیبرپختونخوا حکومت نے 3 ناموں شہاب علی شاہ، منیر اعظم اور ڈاکٹر شہزاد بنگش پر مشتمل پینل وفاقی حکومت کو بھیجا تھا۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا چیف سیکریٹری تعینات نہ کرکے وفاق ہمارے ساتھ زور آزمائی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری کے معاملے پر وفاقی حکومت نے ہمارے ساتھ تصادم کا رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

دریں اثنا ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت چاہتی ہے کہ شکیل قادر صوبے میں اپنی خدمات جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا شکیل قادر بہترین افسر ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی پالیسی ہے کہ ہر افسر اپنی مدت پوری کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس حوالے سے بات چیت کے دوران کہا کہ خیبر پختونخوا میں چیف سیکریٹری کی تعیناتی سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ چیف سیکریٹری کی تعیناتی کا فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔