علی امین نے کہا 7 کروڑاور نوکری لو الیکشن چھوڑ دو، مقتول ریحان زیب کے بھائی کا الزام

پی ٹی آئی قیادت نے ہمارا دل توڑا ہمیں ناراض کیا، ، مبارک زیب کی میڈیا سے بات چیت

پیر 15 اپریل 2024 20:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے باجوڑ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی پارٹی کے مقتول کارکن ریحان زیب کے اہلخانہ کو ٹکٹ نہ دیا،پارٹی ٹکٹ نا ملنے پر ریحان زیب کا بھائی پی ٹی آئی امیدواروں کے خلاف انتخابی میدان میں اترگیا۔مبارک زیب نے الزام لگایا کہ الیکشن نہ لڑنے کے بدلے انہیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے 7 کروڑ روپے اور سرکاری نوکری کی آفر بھی کی گئی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں مبارک زیب نے کہا کہ انہوں نے ضمنی الیکشن میں ٹکٹ کیلئے علی امین گنڈاپور، بیرسٹرگوہر، شیر افضل مروت اور علی محمد خان سے بات کی تھی، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 7 کروڑ روپے اور نوکری دیتاہوں، الیکشن چھوڑ دو۔

(جاری ہے)

مبارک زیب نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے ہمارا دل توڑا ہمیں ناراض کیا، مشال یوسفزئی نے کال کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ ہائوس اکیلے آؤ، کسی کو ساتھ مت لانا، ان کا مقصد تھا کہ اکیلے میں لالچ دے کر مجھے چپ کروا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے تاہم ریحان زیب کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، میرے بھائی نے پی ٹی آئی کیلئے قربانی دی لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا۔اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختوپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کسی کو سرکاری نوکری اور 7 کروڑ روپے کی آفر نہیں کی،الیکشن لڑنا ہر کسی کا حق ہے۔بیرسٹرسیف نے کہا کہ امید ہے ریحان زیب کے اہلخانہ پارٹی مفاد کا خیال رکھیں گے، عوام فیصلہ کریں گے کہ کس کو اپنا نمائندہ کرنا ہے۔