بلوچستان میں طوفانی بارشیں جاری، چھتیں گرنے سے 9 افراد زخمی، لڑکی جاں بحق

طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے سنجاوی، پشین،توبہ کاکڑی، شیلاباغ ، قلعہ عبداللہ اور پشین کے دیہی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع اور مواصلاتی نظام متاثر ہو، رپورٹ

پیر 15 اپریل 2024 20:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کے دوران چھتیں گرنے کے واقعات میں 9 افراد زخمی اور ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی۔بلوچستان کے علاقے کوہلو، موسیٰ خیل، ڑوب، شیرانی، مستونگ، نوشکی اور قلات میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، مستونگ، مسلم باغ، کان مہترزئی اور قلات میں ژالہ باری سے باغات اوردرختوں کو نقصان پہنچا، تیز ہواؤں سے کئی علاقوں میں سولرپینلز طوفانی ہوا میں اڑگئے۔

(جاری ہے)

طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے سنجاوی، پشین،توبہ کاکڑی، شیلاباغ ، قلعہ عبداللہ اور پشین کے دیہی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب پسنی میں وارڈ نمبر 5 میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 4 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ادھر کرک میں بارش سے کمرے کی چھت گرگئی جس سے 13 سالہ لڑکی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی اور تین افراد زخمی ہوئے۔