دہشت گردی میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، فاطمہ خان

پیر 15 اپریل 2024 21:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین ونگ کی رہنما فاطمہ خان نے نوشکی کے قریب بے گناہ مسافروں کو بس سے اتار کر فائرنگ کرکے شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں حکومت فوری طورپرواقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں فاطمہ خان نے کہاکہ نوشکی کے علاقے میں مسافر بس سے اتار کر بے گناہ اور معصوم مسافروں کو فائرنگ کرکے شہیدکرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ایسے واقعات میں ملوث عناصر ملک اورعوام کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت فوری طورپرواقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردارتک پہنچائے اورآئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گرد عناصراپنے مذموم مقاصدکے حصول کیلئے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں انکے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔انہوں نے فائرنگ سے شہیدہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ(ن) متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ فائرنگ سے شہید ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ کیلئے فوری طور پر مالی امدادکااعلان کیاجائے۔