ایران اسرائیل تنازع: مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، اقوام متحدہ

دنیا مزید جنگ کی متحمل ہو سکتی ، اب تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ جانے کا وقت آگیا ،انٹونیو گوٹیریش

پیر 15 اپریل 2024 22:52

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) اسرائیل کی درخواست پرطلب کردہ 14 اپریل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس کسی نتیجہ کے بغیر رہا۔ اسرائیل نے ایران کی جانب سے تین سو سے زائد ڈرون اور میزائل حملوں کے تناظر میں ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے تمام ممالک کو خبر دار کیا کہ ایران کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیل پر ایران کے حملے اور دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اقو ام متحدہ کا چارٹر کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کو روکتا ہے۔ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے اور خطے کو تباہ کن جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ کشیدگی کو کم کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہر ہ کیا جائے۔گوٹیریش نے کہا،'' نہ تو خطہ اور نہ ہی دنیا مزید جنگ کی متحمل ہو سکتی ہے اور اب تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔